گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصر اللہ نے گوجرانوالہ میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (وی ٹی آئی) کامونکی اور گل روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈوثرنل انچارج وی ٹی آئی محمد اقبال میاں اور پرنسپل محمد رفیق ملک نے معاون خصوصی کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس بریفنگ میں بتایا گیا کہ وی ٹی آئی کامونکی اور گوجرانوالہ میں 8 مختلف شعبوں میں مستحق بچوں اور بچیوں کو سکلز کے کورسز کرائے جا رہے ہیں جن میں سلائی کڑھائی، کمپیوٹر، بیوٹیشن، پلمبنگ، آثو کیڈ اور الیکٹریشن جیسے شارٹ کورسز شامل ہیں تاکہ یہ نوجوان معاشرے کے کارآمد شہری بن کر باعزت روزگار کما سکیں۔

معاون خصوصی راشد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس ان اداروں کی شکل میں اس مقصد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کی جا سکے۔

معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ و عشر کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر عبدالحفیظ قریشی سے محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کے تمام اداروں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، زکوٰۃ کے مصارف کو ڈیجیٹلائز کرنے اور مستحقین کو امداد فراہم کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

بعد ازاں، معاون خصوصی نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے ملاقات کی اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ورکرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Shares: