رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون،وزیراعظم کریں گے لانچ
رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون،وزیراعظم کریں گے لانچ
وزیر اعظم عمران خان آج رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون کے کمرشل لانچ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
چائنہ کی انٹر پرائز “سینچری اسٹیل پرائیویٹ لمیٹیڈ” کی 366 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر کا آج آغاز ہو رہا ہے۔ رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کلسٹر کا ایک حصہ ہے جوصوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔پاکستان اور چائنا سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کو بی آر آئی کے ایک اعلی معیار کا مظہر بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون چائنا پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے تحت خیبر پختونخوا حکومت اور خیبر پختونخوا اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون تقریباً ایک ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ہے جو ایم ون موٹروے پر چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری روٹ اور صوبے کے دیگر اضلاع سے منسلک ہے ، جس کی بدولت یہ منصوبہ تزویراتی لحاظ سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔ رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون کی تکمیل چین کی ریاستی ملکیتی انٹرپرائز “چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (CRBC)” اور “خیبر پختونخواہ اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC)”کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون میں دواسازی ، ٹیکسٹائل ، فوڈ اینڈ بیوریجز ، اسٹیل اور انجینئرنگ سے متعلقہ مختلف صنعتیں ہوں گی۔ 700 ایکڑ اراضی کی لیز کے ضمن میں اب تک 2000 ایکڑ اراضی سے زیادہ کے لئے آن لائن درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ اس منصوبے سے خطے کے تقریبا 200،000 مقامی افراد کو بلا واسطہ اور بالواسطہ ملازمت کے مواقع میسر ہوں گے۔