– یوم تشکر کے موقع پر راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے ایک شاندار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کینٹ بورڈ کے مختلف افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کی سربراہی حیدر شجاع، ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) راولپنڈی کینٹ بورڈ نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "ہم سب کو اپنے مسلح افواج پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم اپنے وطن کی سلامتی اور خود مختاری کو برقرار رکھ سکے ہیں۔”تقریب کے دوران، ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ حاضرین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی سرحدوں کو دشمنوں سے محفوظ رکھے اور ملک کو امن و سکون عطا کرے۔
اس موقع پر دفاعی ماہرین نے کہا کہ "پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنے مسلح افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے جذبے سے سرشار ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان انشاءاللہ ہمیشہ محفوظ رہے گا کیونکہ اس کا دفاع مضبوط ہے اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جائے گا۔”یوم تشکر کی اس تقریب میں راولپنڈی کینٹ بورڈ کے اہلکاروں، مقامی عوام اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، اور اس تاریخی موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کو سلام پیش کیا۔آخر میں، پرچم کشائی کے بعد شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا اور قومی یکجہتی کے عہد کا اعادہ کیا۔








