راولپنڈی (نامہ نگار باغی ٹی وی: شوکت علی ملک) محرم الحرام کے موقع پر ڈویژنل انتظامیہ و امن کمیٹی راولپنڈی ڈویژن کے زیراہتمام "کاروانِ امن و اتحاد بین المسلمین کانفرنس” کا انعقاد نجی مارکی میں کیا گیا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت چیئرمین علماء کونسل پاکستان علامہ طاہر اشرفی نے کی، جب کہ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈی پی او چکوال لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین، ڈپٹی کمشنر چکوال میڈم سارہ حیات، چیئرمین امن کمیٹی ضلع راولپنڈی مولانا محمد اقبال رضوی، اور مصالحتی کمیٹی کے رکن سائیں محمد اعجاز ملک سمیت راولپنڈی ڈویژن کے دیگر ضلعی افسران اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے محرم الحرام میں قیام امن، اتحاد بین المسلمین، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ پر زور دیا۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ جلوسوں کے روٹس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی شرانگیزی یا فرقہ وارانہ منافرت کو ہر صورت روکا جائے گا۔

کانفرنس کے دوران تمام اداروں اور مکاتب فکر کے درمیان تعاون و اشتراک کو مزید مؤثر بنانے، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے باہمی مشاورت سے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Shares: