راولپنڈی: 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 دکانیں سیل
راولپنڈی (باغی ٹی وی، شوکت علی ملک)75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 دکانیں سیل
پنجاب حکومت کی جانب سے سنگل یوز پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس مہم کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی ملک حاکم خان کر رہے ہیں، جنہوں نے شہر کی مختلف مارکیٹس میں بھرپور کارروائیاں کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ملک حاکم خان نے نسواری بازار اور دلگراں بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مارکیٹ کی 11 دکانوں کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران 75 مائیکرون سے کم 1424 کلو گرام پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک حاکم خان نے کہا کہ”پلاسٹک بیگز کا بے دریغ استعمال ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب بن رہا ہے۔ 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کی پروڈکشن اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس پابندی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے، اور آئندہ بھی ایسے چھاپے جاری رہیں گے تاکہ ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔
پلاسٹک بیگز، خاص طور پر 75 مائیکرون سے کم موٹائی کے، ماحولیاتی آلودگی کا بڑا ذریعہ ہیں، جو زمین، پانی اور جنگلی حیات کے لیے خطرہ ہیں۔ حکومت کی جانب سے ان پر پابندی ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ماحول دوست بیگز کے استعمال کو فروغ دیں۔
مزید کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔