راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے،انگلینڈ کے 8 بیٹرز نعمان خان اور ساجد خان کی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے 241 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 276 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

باغی ٹی وی : راولپنڈی میں کھیلے جارہے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، زیک کرولی 29 اور اوپنر بین ڈکٹ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، مڈل آرڈر بیٹر اولی پوپ 3، جو روٹ اور ہیری بروک 5، 5، کپتان بین اسٹوکس نے 12 رنز بنائے-

انگلش ٹیم کیلئے 7ویں وکٹ کی شراکت میں گس اٹکنسن اور جیمی اسمتھ نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اٹکنسن 39 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے بعدازاں 91 رنز بناکر جیمی اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے،اسپنر ساجد خان نے چار جب کہ نعمان علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور زاہد محمود نے ایک پلئیر کو آؤٹ کیا-

دوسری جانب راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز بنالیے-

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹاس ہر مرتبہ آپ کے حق میں نہیں جاتا، ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور تسلسل کے ساتھ پرفارمنس دکھانا چاہتے ہیں ہماری تیاری ہے اور اس کے مطابق کھیلیں گے، انگلینڈ کے خلاف کھیلنا اچھا تجربہ ہے۔

انگلینڈ نے اپنی گزشتہ میچ میں شکست کھانے والی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر بریڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور اسپنر ریحان احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان نے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں بین اسٹوکس (کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، ابتدائی دونوں میچز ملتان میں کھیلے گئے تھے، پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔

Shares: