بیجنگ: چینی وزارت خارجہ حکام نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے دروازہ پوری طرح کھلا ہے اور چین امریکاکے ساتھ تجارتی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ ٹیرف اور تجارتی جنگوں میں کوئی فریق فاتح نہیں ہوتا مذاکرات کے لیے دروازہ پوری طرح کھلا ہے اور چین امریکاکے ساتھ تجارتی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ہو جائے تو چین پر عائد بھاری محصولات میں کمی کی جا سکتی ہے،وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین پر عائد 145 فیصد درآمدی ٹیرف میں کمی کی جائے گی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کمی کی شرح کیا ہوگی-
ارشد ندیم نے نیرج چوپڑا کی دعوت مسترد کردی
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ٹیرف معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے ہم چین کے ساتھ بہترین ڈیل کرنے جا رہے ہیں، چین کو ہر حال میں معاہدہ کرنا ہوگا، اگر وہ نہیں کرتا تو ہم اپنی شرائط پر ڈیل طے کرلیں گے۔”
اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک نجی تقریب میں کہا تھا کہ امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف تنازعہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا اور دونوں بڑی معیشتوں کے مابین تجارتی کشیدگی میں کمی کی امید ہے تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں مما لک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز تاحال نہیں ہوا۔
ترکی میں 6.2 شدت کا زلزلہ،عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا
یاد رہے کہ امریکا نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد تک کے ٹیرف عائد کیے ہیں جبکہ چین نے جوابی اقدام کے طور پر امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف لگا رکھے ہیں-