سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی نے اپنے خلاف مقدمہ دائر ہونے پر سپریم کورٹ کا رُخ کر لیا

گزشتہ ماہ 14 جون کو خودکشی کرنے والے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی نے اپنے خلاف مقدمہ دائر ہونے پر سپریم کورٹ کا رُخ کر لیا-

باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سوشانت سنگھ راجپوت کے والد نے اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف ریاست بہار کے ایک تھانے میں مقدمہ دائر کروایا تھا۔

سوشانت سنگھ کے والد نے نہ صرف اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا تھا۔

اداکارہ اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دفعات 341 کے تحت بلیک میلنگ، زبردستی کرنے اور دیگر جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تھا تاہم ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل نہیں کی گئیں تھیں۔

ایف آئی آر میں سوشانت سنگھ کے والد نے ریا چکربورتی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ نے ان کے بیٹے کو اپنے قابو میں کرکے اپنے والدین سے بھی دور رکھا۔

اداکار کے والد نے دعوی کیا تھا کہ ریا چکربورتی ان کے آنجہانی بیٹے کو بلیک میل کرتی رہیں اور ان کا بینک اکاؤنٹ تک دیکھتی رہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ ریا چکربورتی نے سوشانت سنگھ راجپوت کی قمیتی اشیا بھی چرائیں، جن میں نقد رقم، سونا، لیپ ٹاپ، کریڈٹ کارڈز اور میڈیکل رپورٹس شامل ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے 30 جولائی کو وکیل ستیش مندے کے توسط سے اعلیٰ عدلیہ میں درخواست دائر کرتے ہوئے سوشانت سنگھ کے والد کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا

اداکارہ نے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں اعتراف کیا کہ وہ سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ‘لو اِن ریلیشن شپ میں تھیں اور وہ گزشتہ ایک سال سے ساتھ تھے۔

اداکارہ نے اپنی درخواست میں سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔اداکارہ نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش پہلے ہی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی پولیس کر رہی ہیں اور وہ وہاں اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا چکی ہیں۔

ریا چکربورتی نے اپنی درخواست میں دعوی کیا کہ ریاست بہار میں سوشانت سنگھ کے والد اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ وہاں انہیں انصاف میسر نہیں ہوگا-

اداکارہ نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے خلاف پٹنہ میں دائر کیے گئے مقدمے کو ممبئی منتقل کرکے سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش کرنے والے پولیس افسران کے حوالے کیا جائے۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریا چکربورتی کی درخواست کے خلاف نہ صرف سوشانت سنگھ کے والدین ہیں بلکہ بہار حکومت اور پولیس بھی اداکارہ کی درخواست کے خلاف ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریاست بہار کی حکومت اور پولیس بھی مقدمے کو ریاست مہاراشٹر منتقل نہیں کرنا چاہتے اور اسی معاملے پر ممکنہ طور پر مہاراشٹر اور بہار پولیس اور حکومت کے درمیان بھی اختلافات ہونے کا امکان ہے۔

عالمی اور ملکی شوبز میں اقربا پروری: کیا یہ واقعی حقیقت ہے : طائرانہ جائزہ،ماہرانہ تنقید

Comments are closed.