گھوٹکی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) بھارتی ڈرون حملے میں شہید شہری کے لواحقین کو معاوضے کے لیے حکومتِ سندھ کو سفارش
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے بھارتی ڈرون کے تباہ ہونے سے شہید ہونے والے شہری مختیار احمد لغاری کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ یہ سفارش سیکریٹری داخلہ سندھ کو بھجوائی گئی ہے تاکہ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت ممکن بنائی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق 8 مئی کو تحصیل ڈہرکی کے نواحی گاؤں الہوسایو لغاری میں بھارتی ڈرون کے گرنے سے مختیار احمد لغاری شہید اور ان کے والد عیدن لغاری زخمی ہو گئے تھے۔ شہید کے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹیاں (عمر بالترتیب پانچ اور سات سال) اور ایک تین سالہ بیٹا شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مختیار احمد کی شہادت قومی قربانی کی علامت ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے تاکہ ان کے دکھ میں کمی لائی جا سکے۔