پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں مزید توسیع نہیں کی ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے نیلسن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ٹم نیلسن نے کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں توسیع کے حوالے سے انتظار کر رہا تھا، ہم اچھی طرح آگے بڑھ رہے تھے اور جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے تیار تھے، لیکن پی سی بی نے مجھے آگاہ کیا کہ ان کی مجھے مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔”نیلسن کے مطابق، ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا اور وہ اس بات کے منتظر تھے کہ پی سی بی ان کی خدمات میں مزید توسیع کرے گا، مگر ایسا نہیں ہوا۔
آسٹریلیشین کوچ ٹم نیلسن کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری اگست میں ہوئی تھی جب پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے انہیں اپنی ٹیم کے ساتھ شامل کیا تھا۔ نیلسن کی مہارت اور تجربے کو پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
یہ بھی سامنے آ رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیسن گلیسپی کو بھی ٹم نیلسن کی معاہدے کی توسیع کے بارے میں نہیں بتایا۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کا گلیسپی پر اعتماد متزلزل ہو چکا ہے، اور ان کے مستقبل کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ اگرچہ پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے گلیسپی کا بطور ہیڈ کوچ اعلان کیا تھا، لیکن ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔