اسلام آباد کے ریڈ زون میں احتجاج روکنے کے حوالے سے ہونے والے اخراجات کی تفصیلات وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی اسمبلی میں جمع کرادی ہیں۔ وزیر داخلہ نے گزشتہ پانچ سال کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں، جس میں مختلف سالوں کے اخراجات کی تفصیل بیان کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق، 2019-2020 کے دوران مجموعی طور پر 15 کروڑ 77 لاکھ 61 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ ان اخراجات میں وی آئی پی سکیورٹی، ناکوں کی تعداد اور ڈیوٹی منتقلی پر 10 کروڑ 55 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ اس کے علاوہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی خوراک پر 5 کروڑ 22 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2021-2022 میں احتجاج روکنے پر کل اخراجات 27 کروڑ 79 لاکھ 48 ہزار روپے رہے۔ پولیس اہلکاروں کے لیے آںسو گیس اور دیگر ضروری اشیاء پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ اسی طرح 2022-2023 میں احتجاج کو روکنے کی کارروائیوں پر 72 کروڑ 40 لاکھ 31 ہزار روپے خرچ ہوئے، جو کہ گزشتہ سالوں کے اخراجات سے کہیں زیادہ تھے۔ اس کے علاوہ، 2023-2024 کے دوران احتجاج کے روکنے پر اخراجات 10 کروڑ روپے کی حد تک پہنچے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حکومتی اقدامات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔