سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سانحہ سوات میں جاں بحق ہونے والے ڈسکہ کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد کے چیک تقسیم کیے گئے۔

سانحہ میں جان کی بازی ہارنے والے 10 افراد کے تین مختلف لواحقین کو 80، 80 اور 40 لاکھ روپے مالیت کے چیک فراہم کیے گئے۔امدادی چیکس صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، اور رکن صوبائی اسمبلی نوید اشرف نے جاں بحق افراد کے گھروں جا کر ان کے اہلِ خانہ کے سپرد کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال سنگھیڑا بھی موجود تھے۔

میاں ذیشان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر مشکل گھڑی میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔ ہم ان کی خصوصی ہدایت پر یہاں آئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو یہ پیغام دیں کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو دی جانے والی یہ مالی امداد ہرگز ان قیمتی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔ آج بھی دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اور یہ زخم کبھی نہیں بھریں گے۔ ہنستے بستے خاندان ایک بدترین انتظامی کوتاہی اور بدانتظامی کی بھینٹ چڑھ گئے۔

سانحے کے حوالے سے میاں ذیشان رفیق نے مزید بتایا کہ ایک ڈوبنے والے بچے عبداللہ کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ تحقیقات اور امدادی کارروائیاں آگے بڑھائی جا سکیں۔

ذیشان رفیق نے دیگر صوبوں کی حکومتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ“دوسرے صوبوں کی قیادت کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سیکھنا چاہیے، کہ کس طرح بروقت اقدامات سے عوام کا دکھ بانٹا جاتا ہے۔”

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد حادثے کے وقت دو گھنٹے تک مدد کے لیے پکارتے رہے لیکن کوئی ان کی مدد کو نہ پہنچا، جو کہ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متاثرین کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی یہ ہمدردی ان کے زخموں پر مرہم ہے، اور وہ امید کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

Shares: