اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کیلئے قائم فنڈ کو ترکیہ کے ساتھ ساتھ شام میں متاثرین کی مدد کیلئے بھی استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف ترکیہ اور شام میں امدادی سامان بھیج رہا ہے بلکہ اسکی ترسیل پر آنے والے تمام اخراجات بھی خود اٹھائے گا۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ترکیہ اور شامی متاثرین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی سامان خریدنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زلزلے سے متاثرہ ترک اور شامی بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گا، پاکستان نہ صرف فضائی راستے بلکہ زمینی اور سمندری راستے سے بھی ترکیہ اور شام کو امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ریسیکو اہلکار ترکیہ میں لوگوں کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان ترکیہ اور شام کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا۔وزیرِ اعظم نے تعلیمی اداروں سے رابطہ کرکے فنڈ ریزنگ مہم چلانے اور وزرات مذہبی امور کو علماء کو اعتماد میں لے کر زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے دینی اداروں میں آگاہی پھیلانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد میں شامل تمام وزراء، اداروں اور اہلکاروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔