سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 اور روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے مون سون شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدام سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات کے تحت زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کے سدباب اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔

شجرکاری مہم کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی۔ ان کے ہمراہ کلین گرین پاکستان کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمپئن و روز ویلفیئر کے صدر اشفاق نذر، سماجی رہنما مرزا عبدالشکور، عبدالجلیل (چاچا کرکٹ)، میاں سرفراز نواز، پیر غلام حسین سلطانی، میاں شمیل، چوہدری آفاق، ملک زاہد حسین، اظہر اقبال مغل، محمد زاہد، چوہدری موسیٰ اشفاق، محمد وسیم عطاری، حافظ محمد سلیم، محمد رمضان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات، ریسکیورز اور کمیونٹی ممبران شریک ہوئے۔ پسرور روڈ پر گرین بیلٹ میں شجرکاری کی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ عوام ایسے تمام اعمال سے گریز کریں جو فضائی یا زمینی آلودگی کا باعث بنتے ہیں، جیسے پلاسٹک اشیاء کو جلانا، پانی کا ضیاع، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا اور فیکٹریوں کا زہریلا دھواں چھوڑنا۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے ہم اپنے ماحول کو خوشگوار اور صحت مند بنا سکتے ہیں۔

اشفاق نذر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ روز ویلفیئر آرگنائزیشن ماحولیاتی بہتری کے ہر اقدام میں شریک رہے گی اور ملک کو آلودگی سے پاک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

Shares: