ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں ماہانہ کارکردگی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی جن میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوارڈینیٹر محمد سعید اور میڈیا کوارڈینیٹر علی اکبر شامل تھے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جولائی 2025 کے دوران ریسکیو 1122 کو موصول ہونے والی 17668 کالز میں سے 4424 ایمرجنسیز کالز تھیں جن پر فوری کارروائی کی گئی۔ ان ایمرجنسیز کے نتیجے میں 5470 متاثرین کو سروس فراہم کی گئی، جن میں634 روڈ ٹریفک حادثات،2724 میڈیکل کیسز،13 آگ لگنے کے واقعات،86 جھگڑے یا تشدد کے کیس،24 عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات،4 پانی میں ڈوبنے کے واقعات،600 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے 2578 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر فوری طبی امداد فراہم کی، جبکہ 2455 مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ افسوسناک طور پر 98 متاثرین جانبر نہ ہو سکے۔
علاوہ ازیں، ضلعی سطح پر علاج کی سہولیات نہ ہونے کے باعث 339 مریضوں کو ریفر کیا گیا، جنہیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے لاہور اور فیصل آباد کے بڑے اسپتالوں تک بلا معاوضہ اور محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے موسم برسات کے خطرات سے بچاؤ کے لیے شہریوں سے اپیل کی کہ:
"برسات کے دوران بجلی کے کھمبوں سے محفوظ فاصلہ رکھیں، بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں، اور گھروں کی چھتوں و نالیوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ کسی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔”
ریسکیو 1122 کی ماہانہ رپورٹ ضلعی ایمرجنسی سروسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔