ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال ننکانہ صاحب نے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت طبی امداد اور تربیت میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر زہرہ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ارشد (کارڈیالوجسٹ)، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار، ڈاکٹر روبینہ شفیع (گائناکالوجسٹ)، پیرامیڈیکل سٹاف، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، ریسکیو افسران اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر موجود تھے۔
معاہدے کے تحت ریسکیو 1122 پیرامیڈیکل سٹاف کو کمیونٹی ایکشن ڈیزاسٹر ریسپانس اور پاکستان لائف سیور پروگرام کے تحت عملی تربیت اور آگاہی فراہم کرے گا۔ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے شرکاء کو ریسکیو سکاؤٹ کے طور پر رجسٹر کیا جائے گا اور سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ ریسکیو سکاؤٹس کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں ریسکیو ٹیم کے ساتھ معاونت کریں گے اور باقاعدگی سے ایمرجنسی انخلاء کی ریہرسل کی جائے گی۔
زہرہ ہسپتال ریسکیو اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو او پی ڈی اور لیبارٹری سروسز پر 20 فیصد اور آپریشن چارجز پر 30 فیصد رعایت فراہم کرے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ یہ معاہدہ اجتماعی بھلائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر محمد ارشد نے ریسکیو 1122 کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔