چکوال اور جہلم کے دیہات میں بروقت ریسکیو آپریشن کرکے 40 قیمتی انسانی جانیں بچا لی گئیں۔ سرحدی گاؤں ڈھوک بدر اور دیگر دیہات میں طوفانی بارشوں سے دریا میں طغیانی آگئی۔ چکوال سائیڈ پر کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے پانی کابہت بڑا ریلا بھی پہنچ گیا۔ ڈپٹی کمشنر کی درخواست پرآرمی ایئر لفٹ ہیلی کاپٹر فوراً پہنچ گیا۔ ڈھوک بدر اور نکان کلاں میں آرمی ایئر لفٹ ہیلی کاپٹر کا محفوظ ریسکیو آپریشن کرکے طوفان میں گھرے 40 افراد کو ایئر لفٹ کرکے بچا لیا گیا۔ چند گھنٹے میں پورا ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تمام دیہاتی افراد کوباحفاظت اور باخیریت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ طوفانی بارش، طغیانی اور پانی کے بہت بڑے ریلے کی وجہ سے ڈھوک بدر اور دیگر گاؤں کا زمینی راستہ منقطع ہوچکا تھا۔ بروقت ریسکیو آپریشن پر دیہات کے مکینوں نے حکومت پنجاب اور آرمی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ متاثرہ افراد نے کہا کہ اگر انتظامیہ بروقت ریسکیوآپریشن نہ کرتی تو بچاؤ مشکل تھا۔ خوشی ہے کہ آج ہم محفوظ اور باحفاظت مقام پر موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی، چکوال،تلہ گنگ، جہلم کے اضلاع کے کمشنراور ڈپٹی کمشنرزکو مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس کو طوفانی بارشوں کے پیش نظر ٹیک آف پوزیشن میں رکھنے اور ریسکیو1122 کی ٹیموں کو ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طوفانی بارشوں، ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنرز کو پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل اشتراک کار کی بھی ہدایت کی۔
راولپنڈی کے نواحی علاقے لادیاں میں ریسکیو آپریشن کر کے 16 افراد کو بچا لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ریسکیو آپریشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی۔ دریا سواں میں شدید ترین طغیانی کے باعث لادیاں کے قریب 16افراد سیلابی ریلے میں گھر گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے فوری طور پر اے سی صدر کی نگرانی میں ریسکیو ٹیم کو روانہ کیا۔ ریسکیو ٹیم نے سیلاب میں گھرے افراد کو نکالنے کے لئے فوراًآپریشن شروع کرکے سیلابی ریلے میں گھر ے 12 افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے لادیاں میں سیلابی ریلے سے مزید 5 افراد کو بچا لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور طغیانی کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں ”رین ایمرجنسی“نافذ کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر تمام ادارے عوام کو سیلابی صورتحال سے بچانے کیلئے متحرک رہنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کشتیوں کے ذریعے عوام کی مدد کا سلسلہ بھی جاری رکھنے، پولیس کو گشت بڑھانے اورضلعی انتظامیہ کو امدادی اداروں کی معاونت کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو تالابوں، نہروں، ندی نالوں سے دور رہنے اور والدین بچوں کو بارشی پانی میں نہ نہانے پرسختی سے عمل کرانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خستہ حال عمارتوں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کرنے، ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے، فیلڈ ہسپتالوں سمیت تمام متعلقہ طبی مشینری کو شہریوں کی مدد کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اداروں سے تعاون کریں، اعلانات اور ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی نقصانات سے بچا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ سرکاری ادارے جذبے اور انتہائی محنت سے کام کرے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتظامیہ کوعوام کو بذریعہ سائرن اور اعلانات آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام اداروں سے تعاون کریں، حفاظتی ہدایات پر عمل کریں.