لاہور: پنجاب اسمبلی میں اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کی قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔ یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون اور سوشل میڈیا کے بے تحاشا استعمال کی وجہ سے طلبہ کے ذہنی نشوونما اور اخلاقی اقدار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال نے نہ صرف بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثرات ڈالے ہیں بلکہ ان کی سماجی زندگی اور رویوں میں بھی گہرے نقصانات پہنچائے ہیں۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے سماجی مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر اس کے حل کے لیے مؤثر لائحہ عمل تیار کرے۔ خاص طور پر اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ طلبہ کی توجہ تعلیم اور نصاب پر مرکوز ہو سکے۔اس کے علاوہ، قرارداد میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے مناسب قانون سازی کی جائے تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور غیر مناسب مواد سے ان کی حفاظت کی جا سکے۔

راحیلہ خادم حسین نے کہا کہ یہ قدم نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں مدد دے گا بلکہ طلبہ کے ذہنی اور اخلاقی معیار کی حفاظت بھی ممکن ہو سکے گی۔

یہ قرارداد آنے والے اجلاس میں مزید بحث کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی اس پر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

Shares: