ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے رات گئے مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گوردوارہ جنم استھان، رائے بلار بھٹی پارک اور موٹروے انٹرچینج سمیت متعدد مقامات پر جاری صفائی، تزئین و آرائش اور روشنی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور آرائش کے کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں ملک بھر اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے استقبال کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، سی ای او میونسپل کمیٹی راو انوار سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے گوردوارہ جنم استھان کے اطراف صفائی، سٹریٹ لائٹس، سیکیورٹی، پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے تاکہ جشنِ جنم دن کی تقریبات خوش اسلوبی سے منعقد کی جا سکیں۔

Shares: