وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی احتجاج کے نام پر فساد پھیلا رہی ہے۔ریاست کسی جتھے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔پرامن احتجاج حق ہے، انتشار کی اجازت نہیں۔فلسطین مسئلے پر وزیراعظم نے ہر فورم پر آواز اٹھائی، اب احتجاج کا جواز؟قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے تاکہ حملہ کرتے ہوئے پتہ نہ چلے اور پھر کہا گیا کہ ہمارے لوگ ہلاک ہوئے۔ اگر ہلاکت ہوتی ہے تو پھر لاش بھی ہوتی ہے۔ تشدد ٹی ایل پی کی طرف سے ہوا ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، جو ماسک سیکیورٹی فورسز کے پاس ہوتا ہے وہ آپ کے پاس کہاں سے آئے؟ٹی ایل پی کو آگے نہیں بڑھنے دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں انتشار نہیں ہونے دیں گے۔ ذاتی مقاصد کے لیے کسی بھی جتھے کی صورت میں اجتماع دہشت گردی ہے۔ سعد رضوی سمیت احتجاج کے رہنماؤں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔یہ اپنے مرکزی دفتر سمن آباد سے راوی روڈ کی طرف جارہے ہیں، یہ اس لیے نکل آئے ہیں کہ ان پر طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، ہمارا صوبائی حکومتوں سے رابطہ ہے ، کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کے استعمال کے بغیر ان لوگوں کو روکا جائے، حکومت اس طرح کی جتھےبازیاں اورمظاہرے کو آگے بڑھنے نہیں دے گی، آج اسلام آباد میں سرکاری اور نجی ادارے کام کررہے ہیں، کچھ لوگ ہم نے گرفتار کرلیے ہیں، راستے کھول دیے گئے ہیں، اگر کہیں رکاوٹ رکھی گئی ہے تو وہ شہریوں کو ان شرپسندوں سے بچانے کیلئے ہے، قانون کی عملداری ہوگی ، احتجاج کرنا ہے قانون کے اندر رہ کر کریں جو بھی نقصانات ہوں مظاہرین کو لیڈ کرنے والے ذمہ دار ہیں

Shares: