ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے داخلوں اور ملازمتوں میں مخصوص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی خان ڈویژن کے اقلیتی تعلیمی اداروں اور زیر تعلیم بچوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے، انہوں نے عیسائی، ہندو اور دیگر اقلیتوں کے لیے تعلیمی وظائف کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات دیے۔
مزید برآں عبادت گاہوں، قبرستانوں، اور حساس مقامات کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سپیشل پولیس فورس یا اسکواڈ کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کمشنر نے اقلیتی برادری کے ملک کی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور تمام ادارے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔