لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کا قیام ان کا خواب تھا جو آج حقیقت بن گیا ہے، یہ فورس عوام کے لیے سہولت اور تحفظ کی علامت ہے۔ پنجاب حکومت عوام کی زندگی آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تجاوزات کے خاتمے پر بالخصوص خواتین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس فورس میں باصلاحیت خواتین کو شامل کیا گیا ہے تاکہ خواتین شہری بھی خود کو زیادہ محفوظ محسوس کریں.مریم نواز نے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے جس طرح امن قائم کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض اضلاع ایسے ہیں جہاں اب جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں اور جہاں ماضی میں جرائم عام تھے وہاں اب لوگ کہتے ہیں کہ حقیقی معنوں میں امن قائم ہو گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے رشوت کے خلاف دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا "رشوت کی کمائی میں کبھی برکت نہیں ہوتی۔ جتنی تیزی سے رشوت کی آمدنی آتی ہے اتنی ہی تیزی سے ختم بھی ہو جاتی ہے۔”انہوں نے کاروباری طبقے کو نصیحت کی کہ جائز منافع کمانا حق ہے مگر جب منافع حد سے بڑھ جائے اور عوام کا استحصال ہونے لگے تو حکومت کو مداخلت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو حکومت کی مقررہ ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔مریم نواز نے زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز قبضے کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کی جا رہی ہے۔زمینوں پر قبضے کے مقدمات سننے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔یہ عدالتیں 90 دن کے اندر کیسز کا فیصلہ کریں گی۔بیواؤں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کو کم از کم 10 سال قید کی سزا دی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے زور دے کر کہا کہ ان کا خواب ہے کہ پنجاب ماں بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنے اور عوام کو ظلم و ناانصافی سے مکمل تحفظ ملے۔

Shares: