گھریلو تشدد کا شکار رضوانہ جنرل ہسپتال میں یوم خواتین تقریب کی مہمان خصوصی

0
107
rizwana

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کو خصوصی عزت و احترام اور حقوق سے نوازا ہے جن کی پاسداری ہم سب پر واجب ہے جبکہ دین اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو وراثت کا حق دے کر اُن کی محرومیوں کا ہمیشہ کے لئے ازالہ کر دیا۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں گھریلو تشدد کی شکار رضوانہ جو ایل جی ایچ میں زیر علاج رہی، کو بطور مہمان خصوصی شرکت کے لئے بلایا گیا جبکہ سینئر خواتین ڈاکٹرزنے رضوانہ کے ساتھ مل کر کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر پرنسپل سمز پروفیسرزہرہ خانم، پروفیسر عائشہ شوکت،پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر طیبہ وسیم، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر مہوش الیاس اور ڈاکٹر نادیہ ارشد سمیت خواتین ڈاکٹرز و نرسز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں خواتین اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی،میڈیکل سائنس، بزنس، ڈیفنس،عدلیہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سر انجام دے کر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں اور یہ بات ثابت ہوگئی کہ خواتین مردوں سے کسی بھی طرح کم نہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں عقل و شعورسمیت اُن تمام صلاحیتوں سے نواز ا ہے جو انہیں معاشرے میں ممتاز کرتی ہیں۔پروفیسر الفرید ظر نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تب ہی ترقی کرے گا جب خواتین کو اُن کے جائز حقوق ملیں گے اورانہیں ملکی و قومی ترقی میں انہیں کردارادا کرنے کے قابل سمجھا جائے گا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے اعلان کیا کہ لاہور جنرل ہسپتال، اے ایم سی اور پی جی ایم آئی میں ڈے کئیر سینٹر اور بریسٹ فیڈنگ کے کیلئے جگہ مختص کی جائے گی تاکہ خواتین ڈاکٹرز،نرسز دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کر سکیں۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر و دیگر مقرر ین نے کہا کہ قبل از اسلام بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا اس انسانیت سوز اور قبیح رسم کو اللہ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ نے آکر ختم کر دیا اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی خواتین کو اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر ﷺ اور دین اسلام کا احسان مند ہونا چاہیے جنہوں نے انہیں قدیم غلامی سے نجات دلا کر معاشرے میں بلند مقا م دلوایا اور ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی یعنی ماں کی خدمت سے انسان جنت کا حقدار ٹھہرتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان گرامی کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ رضوانہ کے اہل خانہ نے اُن کی بیٹی کو صحت یاب ہونے اور گھریلو شدد کا شکار ہونے کے بعد معمول کی زندگی میں واپس آنے پر شکریہ ادا کیا

Leave a reply