گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف چناب گجرات میں روڈ سیفٹی سیمینار منعقد کیا گیا۔ ڈی آئی جی افضال احمد کوثر کی ہدایت پر ایس پی فرخ رضا کی نگرانی میں منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی ڈی ایس پی اشفاق احمد (کلیر لائنز ہیڈکوارٹر) تھے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی طاہر حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز عمران ارشد، یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کا مقصد نوجوانوں میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔ انسپکٹر عثمان حیدر، انسپکٹر شمریز اقبال، انسپکٹر عابد طور اور انسپکٹر عمرانہ نے شرکا کو سیفٹی ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ کے استعمال، لین ڈسپلن، اوور اسپیڈنگ اور رانگ سائیڈ ڈرائیونگ جیسے اہم موضوعات پر بریفنگ دی۔ ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی اہمیت اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

ڈی ایس پی اشفاق احمد نے کہا کہ طلبہ ملک کا سرمایہ ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرتے ہوئے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی محفوظ رکھیں۔ عمران ارشد نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام وقتاً فوقتاً ہونے چاہییں تاکہ معاشرے میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور پیدا ہو۔

شرکا نے سیمینار کو مفید قرار دیتے ہوئے موٹر وے پولیس کی اس کوشش کو سراہا اور ایسے مزید پروگرامز کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔

Shares: