بہاولپور (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) بغداد پولیس اسٹیشن کے قریب روڈ پر سیوریج لائن کی خرابی کے باعث سڑک کا درمیانی حصہ زمین میں دھنس گیا، جس کے نتیجے میں سڑک پر ایک بڑا گڑھا بن گیا۔

مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت درختوں کی ٹہنیاں کاٹ کر گڑھے میں ڈالیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے، لیکن حکام کی جانب سے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔

میونسپل کارپوریشن کا عملہ موقع پر موجود تو ہے لیکن سڑک پر شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے نہ تو کوئی سائن بورڈ نصب کیا گیا اور نہ ہی حفاظتی بیریئرز لگائے گئے۔ اس لاپروائی کے باعث کسی بھی وقت سنگین حادثہ پیش آنے کا خطرہ موجود ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ حکام کی جانب سے فوری اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حادثے سے بچاؤ کے لیے خود ہی عارضی انتظامات کیے گئے ہیں، لیکن یہ ناکافی ہیں۔

علاقہ مکینوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان اور حادثات سے بچا جا سکے۔

Shares: