چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا صوابی ادائیگی مراکز کا دورہ

robina khalid

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے صوابی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز کا دورہ کیا، انہوں نے مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل، ادائیگی مراکز میں موجودہ انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ بزرگ اور چھوٹے بچوں والی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے، انہوں نے مستحق خواتین کو بھی ہدایت کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری نمبر 8171 سے پیغام موصول ہونے پر ہی ادائیگی مرکز پرتشریف لائیں، انہوں نے مستحق گھرانوں کے افراد کیلئے تکنیکی مہارت اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب و مستحق افراد کی مدد کررہا ہے، مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، کفالت کی سہ ماہی قسط کی رقم 10500روپے ہے، کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 95 لاکھ سے زائد خاندان پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں، مستحق گھرانوں کیلئے سروے کا عمل جاری ہے۔

Comments are closed.