بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نوتال کے قریب جعفر ایکسپریس پر راکٹ حملے کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس نوتال کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کے قریب سے ٹرین پر راکٹ فائر کیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق راکٹ حملے کے بعد فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، لیکن حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔محکمہ ریلوے کے مطابق جعفر ایکسپریس کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا، اور ٹرین بحفاظت ڈیرہ مراد جمالی اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔ حملے کے بعد ٹرینوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اندازے کے تحت حملے کا مقصد ریلوے سسٹم کو نقصان پہنچانا اور خوف و ہراس پیدا کرنا تھا۔ تاہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ ایسے حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور دہشت گردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔







