نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے تجربہ کار بلے باز روہت شرما کو کپتانی سے ہٹا دیا ہے۔ ان کی جگہ نوجوان اوپنر شبمن گل کو بھارت کی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شبمن گل اب ون ڈے ٹیم کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سنبھالیں گے۔ شبمن گل کی بطور کپتان تقرری کو بھارتی کرکٹ میں نسلِ نو کی قیادت کی شروعات قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ روہت شرما بھارتی ٹیم کے مختلف فارمیٹس میں قیادت کرتے آرہے تھے اور ان کی کپتانی میں بھارت نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں، تاہم حالیہ عرصے میں کارکردگی میں تسلسل نہ رہنے اور نئے ٹیلنٹ کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے فیصلے کے تحت بی سی سی آئی نے یہ تبدیلی کی ہے۔بی سی سی آئی نے اس موقع پر آسٹریلیا کے خلاف آنے والی ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔ اسکواڈ میں اگرچہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کو شامل رکھا گیا ہے، مگر دونوں سینئر کھلاڑیوں کو بطور کھلاڑی میدان میں اتارا جائے گا، نہ کہ قیادت کے کردار میں۔