ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)حکمرانوں نے غریبوں سے روکھی روٹی کانوالہ بھی چھین لیا – شہری
تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ میں ایک سروے کے دوران عوام حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور مہنگائی کیخلاف پھٹ پڑے ،شہریوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام پر مہنگائی بم چلاکر غریب عوام کے ساتھ سفید پوش لوگوں کی بھی کمر توڑ دی ہے اب نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ لاکھوں افراد فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں،کھانے پینے کی تمام اشیاء میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے مرغی کا گوشت بھی آٹھ سو روپے فی کلو سے کم نہیں ہوسکا ہے،ڈالڈا گھی کے تمام برانڈز کی روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں، بڑے تاجر بلیک مارکیٹنگ کرکے عوام کاخون نچوڑ رہے ہیں ،کوئی ان کے خلاف ایکشن لینے والا نہیں ہے ،حکومتی رٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،حکمران اور تمام آفیسران کو غریب عوام کی آہ و بُکا سننے والا کوئی نہیں ہے ،شہریوں وقار کہمان،وفا اکرم عباسی،اللہ ڈینو،لالہ رام ،طاہر قریشی، اخترمیمن ودیگر نے سروے کے دوران حکمرانوں سے اپیل کی ہے کہ خدارا عوام پر رحم کریں ،عوام نے آئی ایم ایف یاکسی اورادارے سے قرض نہیںلیا اور نہ ایک عام آدمی نے کوئی قومی دولت لوٹی ہے تو عام شہریوں سے روکھی روٹی کانوالہ کیوں چھین لیا گیا ہے. ٹھٹھہ کی عوام نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو فوری کنٹرول کیا جائے تاکہ غریب عوام ایک وقت کی بے شک روکھی روٹی تو کھا سکیں واضع رہے کہ چند ماہ کے اندر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی تمام اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے مگر غریب عوام کی کوئی سننے والا نہیں ہے-
Shares:








