سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض )رومانیہ کے سفیر کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ پر زور

پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبہ جات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے کہا کہ سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات رومانیہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں، بالخصوص فٹ بال کے شعبے میں سیالکوٹ کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رومانیہ اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے وہ تاجروں کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ زراعت، توانائی، آئی ٹی، کاسمیٹکس اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پھیلائے گئے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش منڈی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ میں رومانیہ کا ایک دفتر جلد قائم کیا جائے گا، جہاں مقامی تاجروں کو تمام تجارتی معلومات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سیاحت کے فروغ اور خواتین کے لیے رومانیہ میں کاسمیٹکس و ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ترقی کے امکانات کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے کہا کہ سیالکوٹ کا باسمتی چاول رومانیہ میں انتہائی مقبول ہے اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے وہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔

سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی نے اس موقع پر کہا کہ رومانیہ کی مارکیٹ میں سیالکوٹ کی مصنوعات کی کھپت بڑھانے کے لیے بی ٹو بی تعلقات، جوائنٹ وینچرز، تجارتی وفود کے تبادلے، سنگل کنٹری نمائشوں، ویئر ہاؤسز کی تعمیر اور مفاہمتی یادداشتوں پر کام ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے تیار کردہ کھیلوں کے سامان، سرجیکل و کاسمیٹک آلات، چمڑے کے ملبوسات، سپورٹس شوز، آلات موسیقی اور دیگر اشیاء معیار اور پائیداری میں بین الاقوامی برانڈز کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین اقتصادی و تجارتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

Shares: