ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ تھانہ سید والا اور مانگٹانوالا میں کھلی کچہری منعقد کی۔ آر پی او نے شہریوں کی شکایات سن کر موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔

تھانہ سید والا میں صحافیوں نے ٹریفک مسائل اور پولیس نفری کی تعیناتی کے سوالات اٹھائے، جس پر آر پی او نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ تھانہ مانگٹانوالا میں قصبہ موڑ کھنڈا کے دار ارقم سکول اور جاوید ہسپتال کے ساتھ پولیس ویلفیئر معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ معاہدوں کے تحت شہداء پولیس کے خاندانوں کو علاج اور تعلیمی اخراجات میں سہولیات، جبکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو 40 فیصد فیس رعایت اور دو بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ جاوید ہسپتال موڑ کھنڈا میں ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد فیس رعایت ملے گی۔

صحافیوں نے موڑ کھنڈا میں ٹریفک، تجاوزات اور منشیات فروشی کے مسائل اٹھائے، جس پر آر پی او نے فوری حل اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات دیں۔ تھانہ مانگٹانوالا میں مسیحی برادری سے ملاقات کرتے ہوئے چرچوں کی سیکیورٹی اور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ تھانہ فیض آباد میں انجمن تاجران و امن کمیٹی سے میٹنگ کی گئی۔

آر پی او نے تینوں تھانوں (سید والا، مانگٹانوالا، فیض آباد) کا دورہ کیا اور ریکارڈ رجسٹرز کا جائزہ لے کر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں اور ویلفیئر کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اور کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق کھلی کچہریوں کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

دورے کے دوران ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Shares: