ڈیرہ ۔ رودکوہی سیلابی ریلے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا،تباہی مچ گئی،انتظامیہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف
ڈیرہ ۔ رودکوہی سیلابی ریلے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا،تباہی مچ گئی،انتظامیہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف
باغی ٹی وی رپورٹ۔ڈیرہ غازیخان میں رود کوہیوں کے بارشی پانی سے تباہ کاریاں جاری ہیں،نواحی بستی منگڑوٹھہ غربی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے خود بھی متحرک ہوگئے ہیں،وہ منگڑوٹھہ غربی کے متاثرین کے گھروں میں پہنچ گئے،انہوں نے سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقلی میں مدد کی۔
محمد انور بریار نے خود سہارا دیکر ایک بزرگ کو گاڑی میں سوار کرایا۔ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کا کہنا ہے کہ رودکوہیوں کے سیلابی پانی کی شدت کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا،لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،ہمارے لئے انسانی جانوں کی حفاظت مقدم ہے،لوگ محفوظ مقام پر منتقل ہوں،مجھ سمیت ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بارشوں کے نئے سپل کے پیش نظر پانی کے بہا کو روکا نہیں جا سکتا،رود کوہیوں کے پانی کی نکاسی اہم ہے،لوگوں کے مال مویشی کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کریں گے،دن رات کام جاری رکھ کر لوگوں کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔
ڈیرہ غازیخان اور راجن پور اضلاع کے کوہ سلیمان رینج میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔کمشنر ڈیر ہ غازیخان ڈویژن عثمان انور نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کرتے ہوئے خود بھی سیلابی علاقوں کا جائزہ لیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن محمد عثمان انور نے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا اور حساس علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ترغیب دی۔کمشنر نے کہا کہ قیمتی جان ومال کے تحفظ کیلئے شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں،کمشنر نے کہاکہ ریسکیو آپریشن کے ساتھ امدادی سرگرمیوں کو بھی تیز کیا جائے. سیلاب زدگان کیلئے ریلیف کیمپس، خوراک اور دیگر معاملات کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کمشنر نے لوہار والا سمیت دونوں اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور افسران کو ہدایات جاری کیں،
دوسری طرف عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ غازیخان کے جوان سیلابی صورت حال میں عوامی خدمت میں مصروف عمل، پولیس کے جوان عوام الناس کو سیلاب سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔