لنڈی کوتل(باغی ٹی وی)ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی لنڈی کوتل کے امیر مولانا عاقب درویش نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے آج شام جامعہ بنوریہ اشخیل میں مقامی علماء کرام کے زیر نگرانی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ انہوں نے عوام الناس سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان مقدس مہینہ ہے، جس میں مسلمانوں کو جھگڑوں اور شر و فساد سے بچتے ہوئے اپنے رب کو راضی کرنا چاہیے۔
مولانا عاقب درویش نے مزید کہا کہ جے یو آئی تحصیل لنڈی کوتل کی جانب سے جے ٹی آئی سے وابستہ یونیورسٹی، کالج، اسکولوں اور مدارس کے طلبہ کے لیے معاونت سازی کا آغاز کیا گیا ہے، اور طلبہ کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں اسلامی اصولوں کے مطابق عبادت کریں، جبکہ جے یو آئی کے علماء کرام اور حفاظ کرام حسب روایت تراویح میں ختم القرآن کی سعادت حاصل کریں گے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن و امان، غربت کے خاتمے اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔