اسلام آباد: روسی فیڈریشن کے سفارتخانے اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان میں روس کے سفیر، البرٹ پی۔ خوریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران کو پاک-روس تعلقات میں ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر سفیر البرٹ پی۔ خوریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سحر کامران کی کاوشوں نے روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ایک نئی سمت دی، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملا۔ انہوں نے سحر کامران کی تعلیمی، سماجی، اور سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب سحر کامران کو روس کی جانب سے اعزاز دیا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی انہیں 31 اگست 2018 کو روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے "ایوارڈ آف کوآپریشن” سے نوازا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ انہیں پاک-روس دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔سحر کامران اس وقت 2024 سے 2029 کے لیے قومی اسمبلی کی رکن ہیں۔ اس سے قبل وہ 2012 سے 2018 تک سینیٹ آف پاکستان میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان کی تعلیمی و فلاحی شعبوں میں خدمات کے باعث حکومتِ پاکستان نے انہیں "تمغۂ امتیاز” جیسے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا۔انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1984 میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا اور مسلسل ترقی کرتے ہوئے قومی سیاست میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ 2018 سے 2022 تک وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ریسرچ، کمیونیکیشن اور سوشل میڈیا سیل کی مرکزی کوآرڈینیٹر بھی رہی ہیں۔

سحر کامران اس وقت مرکز برائے پاکستان اینڈ گلف اسٹڈیز (CPGS) کی سرپرست اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کا علمی و تحقیقی سفر بھی خاصا متاثرکن ہے۔ ان کے مضامین ملکی و غیر ملکی جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان کی قابلِ ذکر تصانیف میں "ری جویونیٹنگ فاٹا”، "پاکستان اور خلیجی ریاستوں کے تعلقات”، "پاک-سعودی تعلقات”، اور "پاکستان اور روس تعلقات: ایک جائزہ” شامل ہیں، جبکہ "شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی دانش و فراست” پر ان کی تحریر کو علمی حلقوں میں خوب سراہا گیا۔عالمی سطح پر انہوں نے روس کے شہر سوشی میں منعقدہ فورم، شنگھائی تعاون تنظیم و BRICS خواتین کانگریس، یوریشین ویمن فورم (سینٹ پیٹرزبرگ)، ماسکو نیوکلیئر کانفرنس، اور قازان فورم جیسے اہم بین الاقوامی اجلاسوں میں شرکت اور کلیدی تقاریر کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور ترقی پسند تشخص اجاگر کیا۔

سحر کامران کی خدمات نہ صرف پاک-روس تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوئیں بلکہ انہوں نے پاکستان کے وقار اور امیج کو عالمی سطح پر بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

Shares: