ڈرون حملےمیں روسی فوج کا طیارہ گر کر تباہ
بیلا روس کے دارالحکومت میں ایئربیس کےقریب ڈرون حملےمیں روسی فوج کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا،ڈرون حملے کی ذمہ داری بیلاروس حکومت کی مخالف عسکریت پسند تنظیم نے قبول کرلی۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلاروس کے دارالحکومت منسک کے قریب ایک ہوائی اڈے پر بیلاروس میں نگرانی پر مامور روسی فوج طیارے A-50 کومچولیشچی ایئر بیس پر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
روسی نگراں طیارے پر اس وقت حملہ کیا گیا ہے جب روس اور بیلاروس کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں اور روس نے یوکرین پر حملے کے لیے بیلاروس کے ایئر بیس سے اپنے طیارے بھیجے ہیں۔
بیلا روس کے قانون نافذ کرنے والے سابق افسران کی ایک تنظیم BYPOL کے رہنما الیگزینڈر آزاروف نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ اور پولینڈ کے نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
عسکریت پسند تنظیم BYPOL بیلاروس کی حکومت کی مخالفت کرتی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی ہر قسم کی مدد کرتی ہیں جس پر حکومت نے تنظیم BYPOL کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح حزب اختلاف کے رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا کے قریبی مشیر فرانک ویاکورکا نے بھی اپنی ٹویٹ میں تنظیم BYPOL کی جانب سے نایاب روسی طیارے کو اڑانے کے لیے ایک کامیاب خصوصی آپریشن کی تصدیق کی ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا کے قریبی مشیر نے روسی طیارے پر حملے کو 2022 کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے تاہم روس اور بیلاروس کے حکام نے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔