اتوار کے روز شام میں حمیمیم کے فضائی اڈے سے روسی فضائیہ کا ایک طیارہ روانہ ہوا جس میں سوار افراد سے متعلق روسی وزارت خارجہ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے-
باغی ٹی وی: روسی وزارت خارجہ کے مطابق اتوار کو اڑان بھرنے والے روسی فضائیہ کے طیارے میں روس، بیلا روس اور شمالی کوریا کے بعض سفارت کار سوار تھےطیارہ ماسکو کے قریب اترا تاہم وزارت نے یہ نہیں بتایا کہ طیارے میں کتنے افراد سوار تھے۔
روسی وزارت خارجہ میں بحرانات سے متعلق انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر اپنے چینل پر بتایا ہے کہ دمشق میں روسی سفارت خانے کا کام جاری ہے،جبکہ روسی میڈیا نے بیلا روس کی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام سے بیلا روس کے تمام سفارت کاروں کو نکال لیا گیا ہے۔
"العربیہ” کے مطابق ٹیلی گرام پر جاری بیان میں روسی وزارت خارجہ نے بتایا کہ 15 دسمبر کو دمشق میں سفارتی عملے کا ایک حصہ واپس بلا لیا گیا ہے، یہ افراد حمیمیم کے فضائی اڈے سے روانہ ہونے والے روسی فضائیہ کی ایک خصوصی پرواز کے ذریعے چکالوسکی کے ہوائی اڈے پہنچے اسی طرح بیلا روس، شمالی کوریا اور ابخازیا کے سفارتی مشنوں کے بھی متعدد ملازمین کو اسی پرواز کے ذریعے شام سے نکال لیا گیا ہے، دمشق میں روسی سفارت خانے نے اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے۔