اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے۔
باغی ٹی وی: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورۂ سعودی عرب کامیاب رہا، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں ، وزیراعظم اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اہم ملاقات ہوئی،دونوں رہنماؤں کے درمیان 6 ماہ میں یہ پانچویں ملاقات تھی، قریبی روابط اور باہمی اعتماد سے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، مؤثرپالیسیوں سے ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی 6 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہواہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا وزیرِ اعظم نے اپنے دورہءِ سعودی عرب کے دوران ریاض میں منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کی وزیرِ اعظم نے دنیا کو مستقبل میں پانی کی قلت سے بچانے کیلئے چھ نکاتی ایجنڈا تجویز کیا اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کی وجہ سے مشکلات و چیلینجز پر بھی روشنی ڈالی.
وزیرِ اعظم کی فرانس کے صدر ایمانویل میکرون سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا-








