پنجاب پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کے گھر پر کیے گئے چھاپے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس میں بھاری مقدار میں نقدی، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چھاپہ قانون کے مطابق مجاز حکام کی نگرانی میں مارا گیا، جس دوران پولیس ٹیم کو سعد رضوی کی رہائش گاہ سے گیارہ کروڑ چوالیس لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ یہ تمام رقم مختلف الماریوں، لاکرز اور گھر کے خفیہ خانوں سے ملی۔پولیس کے مطابق برآمد شدہ رقم کے ساتھ ساتھ چھ کروڑ چونتیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا بھی قبضے میں لیا گیا، جس میں زیورات، سونے کی اینٹیں اور سکے شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ گھر سے بھارتی کرنسی میں پچاس ہزار روپے بھی ملے، جب کہ برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت مختلف ممالک کی کرنسیاں بھی برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت پچیس لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق برآمدگی کا مکمل ریکارڈ تحویل میں لے کر تحقیقات کے لیے متعلقہ محکموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے بعد سعد رضوی اور ان کے قریبی ساتھیوں کے مالی ذرائع اور غیر ملکی روابط کی چھان بین بھی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر مارا گیا، اور برآمد شدہ رقم و زیورات کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب لاہور میں مذہبی تنظیم کے مظاہرین کے خلاف پولیس کی مدعیت میں 25 مقدمات درج کرلیے گئے،پولیس کے مطابق مقدمات اسلام پورہ، نیو انار کلی، شفیق آباد، گوالمنڈی، بادامی باغ اور شاہدرہ میں درج کئے گئے ہیں۔مقدمات میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، اغوا، ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔بہاولپور میں بھی مذہبی جماعت کے کارکنوں کے خلاف 16 ایم پی او اور دیگر دفعات کے تحت پولیس کی مدعیت میں درجنوں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔راولپنڈی میں بھی مقدمہ درج کیا گیاہے.

Shares: