سال 2020 میں کتنی ہوں گی عام تعطیلات، حکومت نے سالانہ کیلنڈر جاری کر دیا ،عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات میں کوئی ردوبدل چاند کی رویت کے حوالہ سے کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد ۔05 دسمبر (اے پی پی) وفاقی حکومت نے آئندہ سال 2020ءکیلئے قومی ایام اور مذہبی تہواروں پر عام اور اختیاری تعطیلات کا سالانہ کیلنڈر جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری سرکلر کے مطابق سال 2020ءکے دوران عیدالفطر اور عیدالاضحی پر تین، تین تعطیلات ہوں گی، عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات میں کوئی ردوبدل چاند کی رویت کے حوالہ سے کیا جا سکتا ہے۔

سرکلر کے مطابق 5 فروری 2020ءکشمیر ڈے، 23 مارچ 2020ءکو یوم پاکستان، یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر بالترتیب ایک، ایک دن کی عام تعطیل ہو گی۔ عیدالفطر (یکم شوال 1441ھ) 25، 26 اور 27 مئی 2020ءکی تین تعطیل ہوں گی، چاند کی رویت سے اس میں ردوبدل کیا جا سکے گا۔ اسی طرح عیدالاضحی (10 ذوالحجہ1441ھ) 31 جولائی، یکم اور 2 اگست 2020ءکی تین چھٹیاں ہوں گی جبکہ یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست 2020ءکو عام تعطیل ہو گی۔ کیلنڈر کے مطابق عاشورہ محروم (9، 10 محرم) کے حوالہ سے بمطابق 29 اور 30 اگست 2020ءکو 2 چھٹیاں ہوں گی۔ میلادالنبی کے حوالہ سے 12 ربیع الاول 1442ھ بمطابق 30 اکتوبر 2020ءکو عام تعطیل ہو گی۔

قائداعظم/کرسمس کے حوالہ سے 25 دسمبر 2020ءکو چھٹی ہو گی اور 26 دسمبر 2020ءکو (صرف مسیحی برادری) کیلئے اختیاری چھٹی ہو گی۔

وزارت داخلہ کے سرکلر میں سال 2020ءکیلئے بینک تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا۔ ان تعطیلات پر مائیکرو فنانس بینک عوام الناس کیلئے بند رہیں گے تاہم اپنے ملازمین کیلئے کھلے ہوں گے۔ ان تعطیلات میں یکم جنوری 2020، چاند نظر آنے کی صورت میں 24 اپریل کو یکم رمضان 1441ھ اور یکم جولائی 2020ءشامل ہیں۔

سرکلر میں اختیاراتی تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا جو ادارہ کے سربراہ سے پیشگی اجازت سے کی جا سکیں گی۔ ان تعطیلات میں سال نو یکم جنوری 2020ءکو بسنت، شیواراتری 21 فروری 2020، ہولی 9 مارچ 2020، دلہندی 10 مارچ 2020، شب معراج (27 رجب 1441ھ) 23 مارچ 2020، شب برات (15 شعبان 1441ئ) 9 اپریل 2020، گڈ فرائیڈے 10 اپریل 2020ئ، ایسٹر اور بعد از ایسٹر 12، 13 اپریل 2020، بیساکھی 13 اپریل 2020، عید رضوان (بہائی کمیونٹی) 20 اپریل 2020، بدھا پرنیما 7 مئی 2020ئ، جنم استھامی 11 اگست 2020، نوروز (پارسی سال نو) 16 اگست 2020، زرتشت کا جنم دن (خورداد سال) 21 اگست 2020، چہلم (20 صفر 1442ھ) 8 اکتوبر 2020، درگا پوجا 23 اکتوبر 2020ئ، دوسہرا 25 اکتوبر 2020ئ، گورو والمک سوامی جی کا جنم دن 13 اکتوبر 2020، دیوالی 14 نومبر 2020، گورونانک کا جنم 30 نومبر2020، 11ویں شریف (11 ربیع الثانی 1442ھ) 28 نومبر 2020ءشامل ہیں۔

سرکاری ملازمین یہ اختیاری چھٹیاں اپنے ادارہ کے سربراہ کی اجازت سے حاصل کر سکیں گے اور مسلمان ملازمین کیلئے صرف ایک جبکہ غیر مسلم ملازمین کیلئے تین اختیاری چھٹیوں تک کی گنجائش ہو گی۔

Shares: