سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ معاشرے میں سب سے زیادہ قابل رحم ٹریفک پولیس والے ہیں جو 40 سے 45 ڈگری کی گرمی میں بھی گھنٹوں کھڑے ہوکر ڈیوٹی کرتے ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی میں توجہ دلا نوٹس پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، لیکن محکمے کو الزام نہیں دینا چاہئے ، کراچی میں ماضی میں ٹریفک پولیس کے جوانوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا تھا ، ٹریفک پولیس کے اہلکار جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی کرتے رہے ، کسی بھی معاملے میں پورے محکمے کو مورد الزام ٹھہرانے سے پورا محکمہ ڈی مورلائز ہوجاتا ہے ۔کم عمری میں گاڑی چلانے پر یکم جنوری سے 30 اکتوبر تک 304 چالان ہوئے ہیں جن سے 9 لاکھ 12 ہزار روپے حکومت نے چالان کے مد میں وصول کئے ہیں ، ڈرائیونگ لائنسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر 1860 لوگوں کو چالان کیا گیا، 37 لاکھ 20 ہزار چالان کے مد میں وصول کئے گئے ، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 60 چنگچی رکشہ چالان ہوئے ، جن سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کی جاتی ہے ، اضافی کرایہ وصول کرنے پر بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، حکومت کی جانب سے چنگچی رکشہ پر پابندی ہے، عدالت کی جانب سے حکم امتناعی کی وجہ سے وہ شہر میں چل رہی ہیں ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسمبلی ممبران کورٹ میں فریق بنیں اور پوچھیں کہ جب حکومت کی جانب سے پابندی لگا گئی ہے تو پھر یہ میٹروپولیٹن شہر میں چنگچی رکشہ کیوں چل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کل بچے گاڑیاں چلا رہے ہیں، اس ضمن میں سب سے بڑی ذمہ داری والدین کی ہے، ہم کیوں آنکھیں موند کر بیٹھے ہیں، اگر کسی بچے سے کوئی حادثہ ہوتا ہے تو وہ قتل شمار ہوگا ، معصوم بچوں کو چابی دینے سے ہونے والا حادثہ قتل کے زمرے میں آتا ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں احساس کرنا چاہئے کہ ہم کس قدر ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، کراچی شہر میں کار شو رومز والوں کی گاڑیاں روڈ پر کھڑی ہیں، سنگل روٹ چلتے ہیں، ٹریفک پولیس والے ان کو کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں ، حکومت اگر سختی کرتی ہے تو تمام ایسو سی ایشنز جاگ جاتی ہیں کہ ہم ہڑتال کریں گے، تمام اسمبلی ممبران اپنے اپنے حلقے میں پیغام پھیلائیں کہ اس طرح نہ کریں ، ہم سب نے مل کر اس کو ٹھیک کرنا ہے، ذمہ داری حکومت کی ہے، لیکن فرض ہم سب کا ہے ۔
سکیورٹی مزید سخت،ملک بھر کے ایئر پورٹس پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ
ایف بی آر نے کراچی کیلئے جائیداد کی نئی قیمتوں کا تعین کردیا