راجستھان پولیس نے ایک بڑے آپریشن میں سابق نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کمانڈو بجَرن سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے، جو کہ مبینہ طور پر گانجا اسمگلنگ نیٹ ورک کا سرغنہ تھا۔

پولیس کے مطابق بجَرن سنگھ 26/11 ممبئی حملوں کے دوران این ایس جی کے کمانڈو آپریشن کا حصہ رہا تھا، تاہم اب وہ ریاستی سطح پر منشیات کے ایک بڑے ریکٹ میں ملوث پایا گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس وکاس کمار کے مطابق، بجَرن سنگھ کو بدھ کی رات چورو ضلع کے رتنگڑھ علاقے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ 200 کلو گانجا کے ساتھ پکڑا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے آپریشن گانجانے کے تحت اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) کی مشترکہ کارروائی میں پولیس کے ریڈار پر تھا۔ اس پر 25 ہزار روپے انعام بھی مقرر تھا۔بجَرن سنگھ کا تعلق ضلع سیکر سے ہے۔ وہ میٹرک کے بعد تعلیم چھوڑ کر سرحدی سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) میں بھرتی ہوا۔ اپنی فٹنس اور قد و قامت کے باعث اسے مختلف سرحدی علاقوں جیسے پنجاب، آسام، اڑیسہ اور مغربی بنگال میں تعینات کیا گیا۔ اس کی بہادری کے باعث اسے ملک کی ایلیٹ فورس این ایس جی میں منتخب کیا گیا، جہاں اس نے سات سال خدمات انجام دیں اور 2008 میں ممبئی حملوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا۔

لیکن 2021 میں وہ سیاست میں آگیا۔ گاؤں واپس لوٹ کر ایک سیاسی جماعت کا سرگرم رکن بنا اور اپنی بیوی کو مقامی الیکشن میں کھڑا کیا، مگر کامیابی نہ ملی۔ اسی دوران اس کے رابطے ایسے افراد سے ہوئے جو منشیات کے کاروبار سے جڑے تھے۔ بی ایس ایف کے دوران اڑیسہ اور تلنگانہ کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے اس نے اسمگلنگ کا نیٹ ورک قائم کیا اور جلد ہی بڑے پیمانے پر گانجا ریکٹ کا ماسٹر مائنڈ بن گیا۔پولیس کے مطابق بجَرن سنگھ چھوٹی ڈیلنگ میں نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر گانجا منتقل کرنے کا کام کرتا تھا۔ کئی بار اس پر مقدمات بھی درج ہوئے، حتیٰ کہ 2023 میں حیدرآباد کے قریب بھی اسے دو کوئنٹل گانجا اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم ضمانت پر رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا۔

پولیس کو بجَرن سنگھ کی گرفتاری کے لیے طویل جدوجہد کرنا پڑی۔ وہ بار بار اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی موبائل آئی ڈیز استعمال کرتا اور دیہی علاقوں میں پناہ لیتا رہا۔ اینٹی نارکوٹکس ٹیم نے اس کے گھریلو ملازم (خانساماں) کی کڑی نگرانی کی، جس کے ذریعے اس کے چھپنے کے ٹھکانوں کا سراغ ملا۔آخرکار بدھ کو پولیس نے اسے موٹر سائیکل پر سوار دیکھ کر خفیہ نگرانی شروع کی اور براہِ راست کارروائی کرنے کے بجائے مکمل پلاننگ کے بعد اچانک چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔انسپکٹر جنرل وکاس کمار نے کہا”یہ آپریشن کئی ہفتوں کی منصوبہ بندی اور انٹیلی جنس شیئرنگ کا نتیجہ ہے۔ بجَرن جیسے سخت جان اور تربیت یافتہ سابق کمانڈو کی گرفتاری ریاست میں دہشت گردی اور منشیات کے گٹھ جوڑ کو توڑنے میں ایک بڑی کامیابی ہے

Shares: