سابق صدر، دو سابق وزراء اعظم ، پانچ اراکین اسمبلی سمیت کون کون جیل میں کرے گا عید

0
61

ایک سابق صدر، دو سابق وزراء اعظم سمیت پانچ اراکین اسمبلی عید الاضحیٰ جیل میں گزاریں گے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں عید گزاریں گے وہ العزیزیہ ریفرنس کیس میں سات برس قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نیب کی تحویل میں عید گزارے گی، عدالت نے مریم نواز کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا ہے، نواز شریف کے بھتیجے حمزہ شہباز بھی عید نیب کی تحویل میں گزاریں گے، نواز شریف کے بھائی عباس شریف کے بیٹے یوسف عباس بھی عید جیل میں گزاریں گے،نیب نے انہیں مریم نواز کے ہمراہ چوھدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا ہے.

مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایک سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی عید جیل میں گزاریں گے، شاہد خاقان عباسی کو نیب نے لاہور سے گرفتار کیا ،مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی عید جیل میں کریں گے، رانا ثناء اللہ کو منشیات کیس میں اے این ایف نے گرفتار کیا ہے،.

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق بھی عید جیل میں گزاریں گے.

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف زرداری بھی عید جیل میں گزاریں گے، انہیں نیب نے جعلی اکاؤںٹس کیس میں گرفتار کر رکھا ہے، آصف زرداری کی ہمشیرہ اور بلاول زرداری کی پھوپھی فریال تالپور کی عید بھی جیل میں گزرے گی، انہیں گزشتہ روز احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے.

جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید اور جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمان مکی بھی عید جیل میں کریں گے، ان کو حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، حافظ محمد سعید کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تا ہم گزشتہ سماعت پر سی ٹی ڈی نے عدالت میں کہا کہ انہیں مسجد بنانے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے.

Leave a reply