اسلام آباد: پاکستان کے معروف ماہرِ اقتصادیات، سابق وفاقی سیکریٹری خزانہ اور نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر وقار مسعود انتقال کر گئے۔ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے چچا بھی تھے۔
اہلِ خانہ کے مطابق ڈاکٹر وقار مسعود کی نمازِ جنازہ آج نمازِ مغرب کے بعد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔ڈاکٹر وقار مسعود نے کئی دہائیوں تک حکومت پاکستان کی خدمت کی اور بطور وفاقی سیکریٹری خزانہ اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ متعدد مالی و اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل اور عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی خدمات کو حکومتی، سیاسی اور سماجی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔مرحوم کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر وقار مسعود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مرحوم کی حکومت پاکستان کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔”وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر وقار مسعود کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔