ن لیگ نے پنجاب اسمبلی میں کونسی دو اہم قراردادیں جمع کروا دیں؟ اہم خبر
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سبزیوں پر پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف پنجاب اسمبلی میں قراداد جمع کروا دی گئی،قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی.
مسلم لیگ ن کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں نے عوام کو دن میں تارے دیکھادیے ہیں،ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں،ایک سال کے دوران اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں 120فیصد اضافہ ہوا ہے،ٹماٹر کی قیمت ڈالر سے بھی تجاوز کرگئی ہے،اب ایک کلو ٹماٹر دو ڈالر میں مل رہے ہیں
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی مہنگائی کےخلاف کمپئین صرف سوشل میڈیا اور بند کمروں تک محدود ہے،عام آدمی منافع خوروں کے رحم و کرم پر ہے،مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلئے موثر پالیسی شروع کی جائے،اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کیا جائے.
عدالتی فیصلوں میں مداخلت کرنے والے حکومتی وزراءکا عدالت سے نوٹس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تین دفعہ کے وزیر اعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے،قراردادمسلم لیگ ن کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی.
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتی وزراءکی جانب سے پاکستان کے تین مرتبہ کے وزیراعظم میاں نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ،حکومتی وزراءعدالتی فیصلوں میںسیاسی مداخلت کررہے ہیں،لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد میاں نوازشریف کی ضمانت منظور کی ،حکومت ایک طرف نوازشریف کی بیماری تشویشناک ہونے کا اعتراف بھی کررہی ہے،دوسری طرف حکومت بیرون ملک علاج کےلئے شیورٹی بانڈ کی شرط بھی مقرر کررہی ہے
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ میاں نوازشریف کا ای سی ایل سے نام نکلوانے کےلئے شرط کا حکومتی اقدام ماوراءقانون ہے ، حکومتی وزراءکی عدالتی فیصلوں میں مداخلت کا نوٹس لے،عدالت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تین دفعہ کے وزیر اعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے.