صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں جاری سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اس قدرتی آفت سے جو تکالیف اور مشکلات پیش آئیں وہ قابلِ فہم ہیں۔صدر زرداری نے کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے بڑے پیمانے پر نقصان پر خاص طور پر افسوس کا اظہار کیا اور اس امر کو قومی غم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کے نقصان کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے، لہٰذا حکومت سندھ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کریں۔انہوں نے سندھ حکومت کو خاص ہدایت کی کہ وہ ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے حوالے سے فوری اور مؤثر تیاری کرے تاکہ آگے کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔ صدر مملکت نے پاکستانی قوم کی یکجہتی، حوصلے اور عزم کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ مشکلات کا بہادری اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرتی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ 2010 اور 2022 کے سیلابوں کی طرح اس بار بھی ہم قوم مل کر اس آزمائش کو سرخرو ہو کر عبور کریں گے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی بھی تعریف کی جو ہمیشہ کی طرح اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت اور مدد میں پیش پیش ہیں، اور انہوں نے مشکل حالات میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جو مثالی خدمات انجام دی ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔صدر مملکت نے تمام متعلقہ اداروں، عوام، اور رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر متاثرین کی مدد کریں اور ملک کو اس قدرتی آفت سے بحالی کی طرف لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں۔