صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کی جانب سے، میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور برادر عوام کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے 1971 میں متحدہ عرب امارات کو سب سے پہلے تسلیم کیا۔ ہمارے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد، نسل در نسل قائم باہمی رشتوں اور امن و خوشحالی کی مشترکہ امنگوں پر استوار ہیں، جو وقت کے ساتھ مضبوط تر اور گہرے ہوتے چلے گئے ہیں۔ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات میری فیملی کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہمارے خاندان کی چار نسلوں کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ خصوصی تعلق رہا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس کے بانی قائدین کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے۔ بیگم نصرت بھٹو نے اپنی زندگی کے آخری ایام متحدہ عرب امارات میں گزارے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مشکل برسوں میں متحدہ عرب امارات میں جلاوطنی کے دن گزارے۔ آج میری بیٹی متحدہ عرب امارات کو اپنا گھر بنا چکی ہے، اور مجھے طویل عرصے سے اماراتی شاہی قیادت کے ساتھ گرم جوش اور مضبوط تعلقات کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ تمام رشتے ہمارے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کی جھلک ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون ہمارے مشترکہ مقاصد کو مزید آگے بڑھائے گا۔ امارات میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی ہمارے دونوں ممالک کے درمیان اہم رابطے کا ذریعہ ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔پاکستان اس شاندار شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے اور متحدہ عرب امارات کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئےمسلسل دعاگو ہے۔








