اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات نہایت پُرمغز اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز نہیں رکیں گے۔دونوں قائدین نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام ادارے، حکومت اور عوام ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہیں لیکن قوم کے اتحاد، حوصلے اور عزم کے سامنے ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء سید محسن رضا نقوی، چوہدری سالک حسین، اعظم نذیر تارڑ، خالد حسین مگسی اور عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔شرکاء نے حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

Shares: