صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال اور اہم منصوبوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے صدر آصف زرداری کو صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا، جس میں عوامی تحفظات اور پیپلز پارٹی کے اندرونی امور پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ایک اہم معاملہ دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے منصوبے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اس منصوبے کے بارے میں صدر زرداری کو تفصیل سے بتایا اور اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران صدر آصف زرداری کو پیپلز پارٹی کے احتجاج اور مظاہروں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں، جو نہروں کے منصوبے کے خلاف اٹھائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے اس منصوبے کو سندھ کے مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے مختلف شہروں میں احتجاج کیا ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سندھ کی ترقی اور عوامی مفاد کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر بھی زور دیا۔ اس منصوبے کے بارے میں پارٹی کی اندرونی مشاورت اور عوامی رائے کا لحاظ رکھتے ہوئے فیصلہ کرنے کی ضرورت پر بات کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات سیاسی طور پر اہمیت کی حامل تھی اور اس سے سندھ میں جاری سیاسی اور انتظامی معاملات میں مزید پیش رفت ہو سکتی ہے۔

Shares: