اشک آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، جہاں ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترکمانستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی صدر مملکت کو روایتی طور پر پھول پیش کیے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور مہمان نوازی کی علامت تھے۔صدر مملکت کا یہ دورہ ترکمانستان کے قومی شاعر مخدوم گلی فراغی کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ عالمی فورم میں شرکت کے لیے ہے۔ اس تقریب میں عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے اور صدر پاکستان اس موقع پر اتحاد اور امن کے فروغ کے حوالے سے اہم خطاب کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری عالمی فورم میں اپنے خطاب کے دوران اتحاد، علاقائی تعاون اور بین الاقوامی امن کی اہمیت پر زور دیں گے۔ ان کا خطاب دنیا بھر میں امن کے قیام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیغام دینے کے ساتھ ساتھ، عالمی سطح پر پاکستان کی امن پسندانہ پالیسیوں کی نمائندگی کرے گا۔فورم میں شرکت کے دوران، صدر مملکت کی ترکمانستان کی اعلیٰ قیادت سے سائیڈ لائنز ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت ہو گی۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گہرائی اور فروغ کا موقع سمجھا جا رہا ہے۔پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان توانائی، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں پہلے سے مضبوط تعلقات موجود ہیں، اور اس دورے کے دوران ان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

Shares: