صدر مملکت سے متحدہ عرب امارات کے وزیرشیخ نیہان بن مبارک النیہان کی ملاقات،کیا ہوئی بات؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے بردباری شیخ نیہان بن مبارک النیہان کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی دوستانہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثہ کی ٹھوس بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کیلئے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ 16 لاکھ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے دونوں ممالک کے د رمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے پاکستانیوں پر فخر ہے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورکرز کیلئے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا.
وزیراعظم عمران خان سے یو اے ای کے وزیرشیخ نہیان بن مبارک النہیان کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امورپربات چیت کی گئی.ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا.
قبل ازیں یو اے ای کے وزیر شیخ نہیان پاکستان پہنچے تو پاکستانی حکام اور یو اے ای کے سفیر نے انکا استقبال کیا،اس موقع پر وزیر مملکت شہر یار آفریدی بھی موجود تھے، انہوں نے حکام کے ہمراہ وزیر کا استقبال کیا،
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کشمیرکی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اہم علاقائی امور، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔